مدرسہ کا تفصیلی تعارف

دینِ اسلام دونوں جہاں میں کامیابی کی ضمانت ہے۔مدارسِ اسلامیہ دین کی حفاظت و اشاعت کا فریضہ ۱۴ صدی سے انجام دے رہے ہیں، رجالِ کار کی تیاری، امت میں بگاڑ کی درستگی، نہجِ نبوت پر چلنے والی تحریکات یہ سب مدارس ہی کے دین ہے، عہدِ نبوی تا امروز دین کی حفاظت و اشاعت بتقاضۂ زمانہ ہوتی رہی ہے، الغرض مدارس کی اہمیت کا ذی عقل انکار نہیں کرسکتے،عصرِ حاضر میں مدارسِ اسلامیہ کے وجود کا یہی مقصد ہے، مدارس کا تحفظ ملت کااجتماعی فریضہ ہے،اس لئے کہ یہ امتِ مسلمہ کا تہذیبی و مذہبی ورثہ ہے۔
انہی مدارس میں سے ایک مدرسہ دار العلوم رشیدیہ ہے جو نامِ نامی اسمِ گرامی امام ربانی حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی ؒ سے منسوب ہے۔جو حیدرآباد کے مشہور علاقہ مہدی پٹنم کی مسجد قطب شاہی میں واقع ہے، جس میں متنوع قسم کے خدمات سر انجام دئے جارہے ہیں۔

آغاز مدرسہ

۲۰۱۹؁ء میں جب لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا،توتقریباً تمام دینی وعصری تعلیمی ادارے بند ہوگئے،آن لائن تعلیم مختلف فیہ بن گئی،پانچ سال قبل شروع ہونے والاادارہ حفصہ نسواں جو کرائے کے مکان میںجاری تھا ،وہ بھی فی الفورآن لائن کردیا گیا ،تعلیمی اداروں کی سرگرمیاں یکایک موقوف ہونے سے بچوں کی زندگیاں ضائع ہونے کا ہر کسی کو کافی شدت سے احساس تھا ، انہیں ایام میں بعدرمضان بعض مخلص دوستوں کا مشورہ رہا کہ مخصوص تعدادمیں محلے کی حد تک بچوں کی آف لائن جزوئی تعلیم کی فکر کی جائے اس ارادے سے تعلیم کا نظام شروع کیا گیا،یعنی جن دنوں میں تقریباتعلیمی ادارے موقوف تھے انہی ایام میں اس ادارے کا قیام عمل میں آیا،بفضلہ تعالیٰ یہی جزوئی نظام کل وقتی نظام میں تبدیل ہوکر مدرسہ کی شکل اختیار کرگیا،الحمدللہ آج یہ دارالعلوم رشیدیہ کےنام سے موسوم ہے،اور دین کی حفاظت واشاعت کا کام بفضلہ تعالیٰ انجام دے رہا ہے۔ 

مزاج ومنہج

مسلک اہل السنہ والجماعت پر تعصّب کے بغیر تصلّب کے ساتھ دار العلوم دیوبند کا مزاج ومنہج ہی بنیاد ہے،اکابر کی ہدایت کی روشنی میں اور حضرت مولانااحمدعبید الرحمن اطہرصاحب ندوی دامت برکاتہم کی سرپرستی میں ادارہ چلتا ہے۔سازگار ماحول میں مثبت وتعمیری تنقید پر ہمارا ایقان ہے ،عصر حاضر کا ایک ابھرتا ہوا قدیم صالح اور جدید نافع اوروسعتِ نظری کا سنگم ہے ، بصیرت مندی،دردمندی،فکر کی ارجمندی، مزاج کی غیرت مندی اور جرأت مندی کا مظہر ہے۔عصری ہم آہنگی کے ساتھ ہر اگلا قدم تعمیر وترقی اور اصلاح کی سعی کی طرف ہوتا ہے

شعبہ جات

(۱) شعبۂ حفظ و ناظرہ ( ذکور و اناث)
(۲) شعبۂ عالمیت (ذکور و اناث) ( آن لائن و آف لائن)
(۳) شعبۂ مؤمنہ کورس(آن لائن)
      (۴) دار الافتاء والارشاد
 (۵)شعبۂ تحقیق وتالیف
      (۶)لائبریری
(۷)ذرائع ابلاغ
(۸) حیدر آباد اور اس کے قرب و جوار میں دس سے زائد مکاتب

شعبۂ ناظرہ

اس شعبہ میں نورانی قاعدہ اور ناظرہ قرآن کریم کی مکمل صحت و تجویدکے ساتھ تعلیم دی جاتی ہے،بحمد اللہ تعالی حتی المقدور طلبہ کو ہر دوئی کے نہج پر تعلیم دینے کی کوشش ہوتی ہے،جس میں طریقہ تعلیم یہ ہیکہ روزانہ سبق کے ساتھ آموختہ سنا جاتا ہے ،اور ترتیب وار ہر تختی کا امتحان ہوتا ہے ترقی ملنے پر ہی اگلی تختی میں سبق دیا جاتا ہے،اوراردو ،دینیات،انگریزی،حساب کی معتد بہ تعلیم بھی دی جاتی ہے، اس شعبہ میں۷۲؍طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ مزید پڑھیں

شعبۂ  حفظ

یہ شعبہ اپنی ابتداء سے ہی بحمد اللہ تعالیٰ پوری پختگی اور تجوید کے ساتھ حفظ قرآن مجید میں مصروف عمل ہے ،اوراس شعبہ کوباصلاحیت تجربہ کاراساتذہ کرام کی خدمات حاصل ہیں،جس میں طریقہ تعلیم یہ ہیکہ روزانہ سبق کے ساتھ آموختہ ،پارہ سبق اور تین سبق سنا جاتا ہے ۔ اور ترتیب وار ہر پارہ کا امتحان اور منزل کے ختم پر منزل کا امتحان لازمی ہوتاہے ،اور ایک بیٹھک میں قرآن سنانے پر سند دی جاتی ہے،اردو  ،دینیات ،بنیادی عقائد،امامت کے ضروری مسائل سے واقفیت کرایا جاتا ہے تاکہ کوئی حافظ اگرعالم نہ بن سکے تواس میں مسنون امامت کی اہلیت پیدا ہوجائے، اس شعبہ میں کل ۶۲؍طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، الحمدللہ اس سال ۱۳؍خوش نصیب طلبہ تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے ہیں۔

شعبۂ عالمیت

دارالعلوم رشیدیہ میں درس نظامی کی تعلیم کی پختگی پر ابتداء ہی سےکوشش جاری ہے، یہاں کا نصاب مختصر سی ترمیم کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے نصاب کے مطابق ہے،نیز موجودہ دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئےاس شعبہ میں عصری علوم کے ساتھ خارجی مضامین کا مستقل نصاب پڑھایا جاتا ہے،اردو وعربی خوش خطی ، تقریر ومضمون نگاری پر مستقلاً محنت کرائی جاتی ہے، ،انگریزی ،حساب ،جغرافیہ،تاریخ کے ساتھ علاقائی زبان بھی سکھائی جاتی ہے، عصری تعلیم کے لئے رہنمائی اور ممکنہ تعاون کیا جاتا ہے۔درسیات کے نظام کے ساتھ خارجی مطالعہ کی ترتیب بھی بنائی گئی ہے۔ قرأت وتجوید کا بھی مستقل گھنٹہ رکھا گیا ہے۔ہر ہفتہ متنوع قسم کے محاضرات بھی پیش کئے جاتے ہیں۔تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جاتی ہے،جس کے لئے تبلیغ وخانقاہی مجالس میں شرکت ہوتی ہے۔  مزید پڑھیں

شعب الایمان اکیڈمی( آن لائن ذکورعالمیت)

اس پر آشوب دور میں ایمان کی حفاظت بہت ضروری ہے،نوجوان نسل کالج کی تعلیم اور یورپی فکرکی وجہ سےگمراہی کے دلدل میں پھنس چکی ہیں،کاروباری حضرات،انجیئنرز،ڈاکٹرس،وکلاء وغیرہ طلبہ کے لئے عصری تعلیم میں خلل آئے بغیر دینی علوم حاصل کرنے کا ایک بہترین نظام بنایاگیا ہے۔جس کی ترتیب یہ ہےکہ بعد فجر اور بعد مغرب آن لائن تعلیم دی جاتی ہے،دورہ کے ساتھ پانچ سالہ عالم کورس کا نظام ہے،جو احباب گھر سے ہی علم حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے بہترین سہولت ہے ، اس میں ۵۰؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔   مزید پڑھیں

مدرسہ حفصہ للبنات

تعلیم اسلام کا پہلا سبق ہے ،ہر مسلمان مرد وعورت کیلئے دین کی بنیادی تعلیم ضروری ہے،جہاں مردوں کی دینی تعلیم ناگزیر ہے ،وہیں عورتوں کیلئےبھی دینی تعلیم ضروری ہے ،بلکہ بعض وجوہ سے عورتوں کی تعلیم زیادہ اہمیت کی حامل ہے،اسی مقصد کے پیش نظر مدرسہ حفصہ للبنات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،جہاں ناظرہ ٔقرآن،حفظ وعالمیت اور مؤمنہ کورس کے شعبہ جات ہیں،الحمدللہ یہاں طالبات کی معتد بہ تعداد تعلیم کیساتھ تربیت سے بھی آراستہ ہورہی ہیں۔  مزید پڑھیں

شعبۂ حفظ وناظرہ

اس شعبہ میںنورانی قاعدہ اور ناظرہ قرآن کریم کی مکمل صحت و تجویدکے ساتھ تعلیم ہوتی ہے،بحمد اللہ تعالی حتی المقدور طالبات کو ہر دوئی کے نہج پر تعلیم دینے کی کوشش ہوتی ہے،جس میں طریقہ تعلیم یہ ہیکہ روزانہ سبق کے ساتھ آموختہ سنا جاتا ہے ،اور ترتیب وار ہر تختی کا امتحان ہوتا ہے ترقی ملنے پر ہی اگلی تختی میں سبق دیا جاتا ہے،اوراردو ،دینیات،انگریزی،حساب کی معتد بہ تعلیم بھی دی جاتی ہے، اس شعبہ میں۲۴؍ طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ مزید پڑھیں

 شعب الایمان اکیڈمی( آن لائن بنات عالمیت)

اس پر آشوب دور میں ایمان کی حفاظت بہت ضروری ہے،امت کی بیٹیاں کالج کی تعلیم سے ارتداد کی راہ پر نکل چکی ہے، عصری تعلیم میں خلل آئے بغیر دینی علوم حاصل کرنے کا ایک بہترین نظام بنایاگیا ہے۔جس کی ترتیب یہ ہےکہ بعد فجر ایک گھنٹہ،اور بعد مغرب دو گھنٹےآن لائن تعلیم دی جاتی  ہے،فضیلت کے ساتھ پانچ سالہ عالمہ کورس کا نظام ہے،جو خواتین گھر سے ہی علم حاصل کرنا چاہتی ہیں ان کیلئے بہترین سہولت ہے ، اس میں ۷۴؍ طالبات زیر تعلیم ہے۔اور اس کا ایک بیاچ فارغ ہوچکا ہے۔ مزید پڑھیں

مومنہ کورس آن لائن

  جہاں نو عمر لڑکیوں کی تعلیم وتربیت کا نظام قائم کیا گیا ،وہیںپر بڑی خواتین کیلئے بھی دوسالہ مومنہ کورس کے نام سے دینی تعلیم کا نظام جاری ہے،جس میں منتخب سورتوں کی تفسیر، حدیث کے اسباق، فقہ(بہشتی زیورمکمل)، عقائد، سیرت، معاشرت، اخلاقیات، اور فکریات کے ساتھ ملکی ملی ،دورِ حاضر کے اہم ترین مسائل پرمحاضرات بھی دیےجاتے ہیں، اس کورس میںگھریلو خواتین کی مصروفیات میں خلل آئے بغیرآن لائن روزانہ، 10:30تا 12:30کا نظام بناہوا ہے جس میں خواتین کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہیں،اور آن لائن میں ۳۶؍سے زائد خواتین زیر تعلیم ہیں،اب تک ایک جماعت فارغ بھی ہوچکی ہے۔گھریلو خواتین کی مناسبت سے اردو سے واقفیت کی شرط نہیں ہے،اور نہ امتحان اور ہوم ورک رکھا گیا ہے۔ مزید پڑھیں

مومنہ کورس آف لائن

جہاں نو عمر لڑکیوں کی تعلیم وتربیت کا نظام قائم کیا گیا ،وہیںپر بڑی خواتین کیلئے بھی دوسالہ مومنہ کورس کے نام سے دینی تعلیم کا نظام جاری ہے،جس میں منتخب سورتوں کی تفسیر، حدیث کے اسباق، فقہ(بہشتی زیورمکمل)، عقائد، سیرت، معاشرت، اخلاقیات، اور فکریات کے ساتھ ملکی ملی ،دورِ حاضر کے اہم ترین مسائل پرمحاضرات بھی دیےجاتے ہیں۔گھریلو خواتین تمام مصروفیات کے ساتھ کسی خلل کے بغیر علم دین حاصل کرسکتی ہیں۔ وقت بھی ان کے اعتبار سے رکھا گیاہے۔آسانی کے ساتھ استفادے کی غرض سے اسے ساڑھے دس تا ساڑھے بارہ رکھا گیاہے اردو سے واقفیت شرط نہیں ہے، امتحان اورہوم ورک کی زحمت نہیں ہے،البتہ معتد بہ جائزہ رہے گا۔اس سےدین کے تمام شعبہ جات میں بنیادی تعلیم حاصل ہوتی ہے۔ مزید پڑھیں

ادارے کی دیگر سرگرمیاں

 دارالافتاء والارشاد

مسلمانوں کی ایک اہم ضرورت کتاب وسنت کی روشنی میںشرعی مسائل کی رہنمائی ہے ،اسی مقصد کے پیش نظرالحمدللہ ادارہ کے تحت یہ شعبہ امت کو درپیش جدیدمسائل مدلل اورسہل انداز میں رہبری کر تاہے،یہاںزبانی اور تحریری دونوں طرح شرعی مسائل کا حل بتایا جاتا ہے اسی مقصد کے لئے مفتیان کرام کی ایک جماعت کام کرتی ہیں۔اور فتاویٰ کو ادارہ کے لیٹر پیڈ پر جاری بھی کیا جاتا ہے۔مدلّل فتاوٰی کو ٹیلی گرام چینل بنام ’’دار الافتاء و الارشاد‘‘ حیدر آباد پر اپلوڈ کیا جاتا ہے۔

شعبۂ تحقیق وتالیف

  ادارہ میں ایک شعبہ ’’شعبہ تحقیق وتالیف‘‘ہے،جس کے تحت نئے موضوعات پرعلمی وتحقیقی کام ، اکابر کی کتابوں پرتسہیل واضافے،اور درسی کتب پرتسہیل وتجدید ،ترتیب اور تمرین واضافہ کا کام چلتا ہے،اسی طرح فقہی ،فکری اور اصلاحی موضوعات پربھی کام کیا جاتاہے، اب تک ۷۲؍سے زائد کتب ورسائل منصئہ شہود پرآچکے ہیں، اورعوام وخواص میںکافی قبولیت واستفادے کی نگاہ سے دیکھےگئےہیں، اس خدمت کیلئےادارہ میںاہل علم کی ایک جماعت مختص ہے ۔ جس کے روح رواں ناظم ادارہ مفتی احمد اللہ نثار صاحب قاسمی نقشبندی مجددی دامت برکاتہم ہیں۔ مزاج یہ ہے کہ جس موضوع پر کام نہ ہو ا ہو اس پر کام کیا جائے؛تاکہ تالیف برائے تالیف نہ ہو۔
ادارہ سے شائع ہونے والی کتابیں مکتبہ احسان لکھنؤ اور کتب خانہ نعیمیہ دیوبند وغیرہ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔علمااور طلبہ کے لئے خصوصی رعایت کے ساتھ ساتھ تاجر حضرات کے لئےتاجرانہ منفعت رہے گی ، ساتھ ہی یہ کتابیںادارے کےٹیلی گرام چینل بنام’’دارالعلوم رشیدیہ حیدرآباد‘‘ ،اور مختلف ٹیلی گرام چینلوں اور ویب سائٹس پر دستیاب رہتی ہے اورخواہشمند حضرات ادارہ سے کتابیں خرید بھی سکتے ہیں۔ملک کے کسی بھی حصے میں ادارے سے بذریعے پوسٹ کتب پہونچائی جائے گی۔ مزید پڑھیں

منظم ومؤثر مکاتب

اس پرفتن دور میں ملک کے بدلتے حالات،اور نئی تعلیمی پالیسی کے پیش نظر نئی نسل کو دین سے جوڑنے کی ایک شکل کا نام مکتب ہے،الحمدللہ دار العلوم رشیدیہ کے تحت مکاتب کانظام بھی چلتا ہے ،مہدی پٹنم ،نرساپور ،کڑپہ وغیرہ میں جملہ دس سے زائد مکاتب ہیں، جہاں کی تعلیمی وتربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ان کی نگرانی اور وہاں کے اخراجات مدرسہ سے ہی پورے ہوتے ہیں ،ان مکاتب میں نورانی قاعدہ،ناظرہ قرآن کریم اور دینیات کے ساتھ ساتھ دین کی بنیادی عقائد بتلائے جاتے ہیں ، دینی ذہن سازی کے ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

ذرائع ابلاغ

جدیدذرائع ابلاغ کو آج کل ذرائع علم میں شمار کیا جانے لگا،اور امت کی بڑی تعداد سوشل میڈیا سے جڑی ہوئی ہے،ان تک دین کا صحیح رخ ،مختلف فیہ مسائل کا صحیح تجزیہ ،فکری رہنمائی کرنے کا ایک بڑا راستہ یہی ہے۔
اسی مقصدسےیوٹیوب پر ایک چینل بنام’’mufti ahmedullah oficial‘‘ چلتا ہے ، جس میں فقہی مسائل،علمی تحقیقات ،اہم فکری و علمی محاضرات ،جمعہ کے بیانات،نئے پیش آمدہ مسائل،عصر حاضر کے سلگتے اور حساس موضوعات،اصلاحی وتربیتی و خانقاہی مجالس وغیرہ کئی ضروری چیزیںنشر کی جاتی ہیں ، اسی کے ساتھ ادارے کی سرگرمیوں کو بھی نشر کیا جاتا ہے۔ 

کانسلنگ سنٹر

خاندانی مسائل،نکاح ،خلع وطلاق اور وراثت وغیرہ جیسے نزاعی مسئلوں میں فریقین کے درمیان ذہن سازی ، صلح میں مسئلہ کو صحیح رخ کے ساتھ حل کیا جاتا ہے، دیگرمسائل میں بھی شریعت کی روشنی میں صحیح رہنمائی کا نظم ہے ۔تاکہ لوگ اپنے مسائل کو کورٹ کچہری کے بجائے علمائے کرام کے پاس شریعت کی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کریں۔

ادارے کے مختلف مقامات پر علمی وفقہی پروگرام

امت میں مسائل سے آگاہی کیلئے بالخصوص تجارت (رئیل اسٹیٹ، پارٹنرشپ، ملٹی لیول مارکیٹنگ، بینکنگ، لون و غیرہ) کے جدید مسائل سے واقفیت کیلئے کڑپہ، حیدرآبادو اکناف میں مختلف عناوین پر محاضرات دیے جاتے ہیں، جس میں اہلِ حق علماء کے فتاوٰی،ملکی اور عالمی فقہی سیمینار کے کتب سے استفادہ کر کے ان کے فیصلے امت کے سامنے پیش کئے جاتے ہیں اور عام فہم انداز میں  P.P.Tچارٹس اور VIDEOSکی مددسےمسائل کو بتلایا جاتاہے۔

مکتبۃ الرشید(لائبریری)

اسلاف امت واکابر عظام کا تصنیفی ورثہ ہی ہماری پہچان ہے، یہی کتابیں ہمارا سرمایہ ہے، جو قوم کی تعلیم وترقی میں ممد ومعاون ہے، اسی کے لئے لائبریری قائم کی گئی ہے۔ادارے کے ماتحت ایک کتب خانہ بھی قائم ہے جس میں ۸۰ سے زائد موضوعات پر۱۲؍ لاکھ مالیاتی پانچ ہزار سے زائد (عربی، اردو، فارسی زبان میں)اندرون وبیرون ملک کی بیش بہا مستند کتابیں منظم شکل میں موجود ہیں، عوام کیلئے بھی استفادہ کا موقع ہے۔ہر فن کے بنیادی ،مستند مراجع ومصادرکی حیثیت رکھنے والی کتابوں کو جمع کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،

تربیتی وخانقاہی نظام

٭طلبہ کی اصلاحی و تربیتی ترقی کیلئے ہفتہ واری نشست رکھی جاتی ہے،جس میں حضرت مفتی احمد اللہ نثار صاحب قاسمی نقشبندی مجددی (خلیفہ محبوب العلما والصلحاحضرت مولانا پیر فقیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم)کی اصلاحی بات ہوتی ہے، علاوہ ازیں اندرون و بیرون شہر سے وقتاً فوقتاًعلماء کرام کی تشریف آوری ہوتی رہتی ہے۔
٭ طلبۂ کرام کی تربیت کے مقصد سے کبھی فیض گاہ حضرت شاہ صوفی غلام محمد صاحبؒ ( آصف نگر جھرہ) میں اساتذہ کی نگرانی میں حاضری ہوتی ہے، کبھی خانقاہ جمالیہ ( انکا پلی معین آباد) میں حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم سے استفادہ کیا جاتا ہے، مشائخ کے پاس حاضری و استفادہ مدرسے کے نظام کا حصہ ہے۔

نظام محاضرات

حالاتِ حاضرہ کی وجہ سے جن موضوعات سے ہر عالم کو آگاہی ضروری ہے،انہیں داخلِ نصاب کرنے کے بجائے محاضرات کا نظام بنایا گیا ہے،شعبۂ عالمیت میں ہفتہ میں ایک دن ہر جمعرات کوطلبہ کی انجمن سے پہلےمختلف اہم موضوعات پر اساتذۂ کرام محاضرہ پیش کرتے ہیں، جس میں سینکڑوں صفحات کا خلاصہ ہوتا ہے، جس سے طلبہ میں ان جدید موضوعات سے آگاہی ہوجاتی ہے، محاضراپنے متعلقہ عنوان پر عبور حاصل کرتے ہوئے تحریرًا مواد جمع کرتاہے۔ فقہ، سیرت، شخصیات، تحریکات، تاریخ، سیاست، اسلام پر اعتراضات کے جوابات، طب، ملکی قوانین وغیرہ اہم عنوانات پر محاضرات کی ترتیب بنی ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ مختلف ماہرینِ فن سے بھی استفادہ کیا جاتا ہے،اسے مدرسہ کے یوٹیوب چینل( Darul uloom rashidiya mehdipatnam)پر اپلوڈ کیا جاتا ہے۔

عوام الناس کے لئے اصلاحی مجالس

اسی طرح نوجوانوں میں بھی دین اسلام سے متعلق آگاہی اور اسلام سے متعلق ذرائع ابلاغ میںپیدا کئے جانے والے شکوک وشبہات کے ازالہ کے لئے ہر ماہ مدرسہ میں ایک مرتبہ اصلاحی نشست رکھی جاتی ہے،جن میں ان کی دینی ذہن سازی کے ساتھ علمی وعملی اور تربیتی گفتگو ہوتی ہے،اسلام مخالف اشکالات پر تشفی بخش جواب دیا جاتا ہے،اسی کے ساتھ جدید موضوعات اور حساس عنوانات بھی ذکر کئے جاتے ہیں،جس کا طریقہ کار یہ ہے کہ کسی متعین موضوع پر تفصیلی محاضرہ ترتیب دیا جاتا ہے ،اور افہام وتفہیم کے انداز میں سنایا جاتا ہے ،نشست کے آخرمیں سوالات وجوابات بھی ہوتے ہیں۔
اسی طرح ادارےکے مقاصد میں سے ایک یہ بھی ہیکہ خواتین کے اندر دینی شعور اور اسلام وشریعت کے تئیں عظمت ومحبت پیدا کیاجائے،ارتداد کی لہر کو روکا جائے،اس کیلئےہر ماہ اتوار کو خواتین کیلئے دوپہر میں مختصراً دو گھنٹوں کی تربیتی نشست ہوتی ہے ،اس میں درس کے طرز پر ترتیب وارعقائد ،معاشرتی حقوق بیان کئے جاتے ہیں،نیز تصحیح قرآن کے حلقے ،سنتوں کا مذاکرہ بھی ہوتا ہے۔

عزائم

٭ اسلامی اصولوں کے ساتھ معیاری اسکولی تعلیم۔
٭ ضرورت مند و مجبور خواتین کو خود کفیل بنانے مہندی ڈیزائننگ اور ٹیلرنگ سینٹر
٭ مختلف شارٹ ٹائم کورسس۔
       ٭بنات آف لائن عالمہ کورس۔
٭بنات تصحیح کورس
     ٭ اردو عربی برقی مجلہ۔
 ٭امامت کورس
     ٭شعبہ کمپیوٹر

ضروریات

ذاتی زمین کی خریداری میں ایک کروڑ سے زائد رقم کی ادائیگی باقی ہے
اور اس پر تمام شعبہ جات کے عمارت کی تعمیر
٭ کمپیوٹر لیاب۔
٭تمام شعبہ جات کے لیے علیحدہ عمارت۔
  ٭اسٹاف کواٹرس۔
٭Play ground