دارالعلوم رشیدیہ کی نمایاں خصوصیات
مدرسہ اپنی علمی، تربیتی اور روحانی خدمات کے جامع امتزاج کی وجہ سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہاں تعلیم محض نصابی دائرے تک محدود نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہتی تربیت کے ساتھ چلتی ہے۔ ذیل میں چند اہم خصوصیات درج کی جاتی ہیں:
۱) شیخ و مشیر سے اصلاحی تعلق: یہاں کے طلبہ کو تربیتِ باطن اور تزکیۂ نفس کی غرض سے شیخ و مشیر سے تعلق و نگرانی حاصل ہے ، جو کہ طلبہ کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہے۔
۲) علمی محاضرات کا باقاعدہ اہتمام:مدرسے میں مختلف علمی و فکری موضوعات پر ہر جمعرات اہتمام سے محاضرات منعقد کیے جاتے ہیں، جن سے طلبہ کے اندر مطالعے کا ذوق، فکر کی گہرائی اور علمی پختگی پیدا ہوتی ہے۔
۳) روزانہ مطالعہ کی مخصوص گھنٹی:درسیات کے ساتھ ساتھ مطالعہ میں گہرائی اور مضبوطی کے لیے روزانہ آدھا گھنٹہ “مطالعہ کی گھنٹی” مقرر ہے، جس کے دوران طلبہ استاذ کی نگرانی میںمکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے متعینہ غیر درسی کتب کے مطالعے میں مشغول رہتے ہیں۔
۴) مجلسِ درود شریف:روزانہ بعد نمازِ عشاء دس منٹ درود شریف کی مجلس کا انعقاد ہوتا ہے ، اس مجلس میں طلبہ کی روحانی تربیت، قلبی صفائی اور محبتِ رسول ﷺ کے جذبات کو جِلا ملتی ہے۔
۵) دوم عربی کے لیے حلِ عبارت کی خصوصی کلاس:دوم عربی کے طلبہ کے لیے حلِّ عبارت کی اضافی کلاس رکھی گئی ہے، جس میں ان کی عربی عبارت پر گرفت، وجہ اعراب میں پختگی پیدا کی جاتی ہےجو درسیات میں استعداد میں پیدا کرنے میں معاون ہے۔
۶) پروجیکٹر اور PPT کا اہتمام: جدید تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مدرسے میں مختلف مضامین کی وضاحت کے لیے PPT پریزنٹیشنز کا باقاعدہ استعمال کیا جاتا ہے، جو تعلیم کے حصول کو زیادہ مؤثر بناتا ہے۔
۷) فارسی دیواری پرچہ: جدید و قدیم علوم سے استفادے کی آسانی کی غرض سے، فارسی زبان سے انسیت کے لیے مدرسے میں ماہانہ ’’فارسی دیواری پرچہ‘‘ نکلتا ہے، جس سے طلبہ میں فارسی ادبیات کا ذوق بیدار ہوتا ہے ۔جس میںدوم تا آخری جماعت کے ہر طالب علم کا حصہ لینا لازمی ہے۔
۸) خانقاہی مجلس کا اہتمام :مدرسے میں باقاعدہ ہر جمعہ بعد نماز عصر حضرت ناظم محترم مفتی احمد اللہ نثار صاحب قاسمی نقشبندی مجددی دامت برکاتہم کی خانقاہی مجلس منعقد ہوتی ہے،اور وقتاً فوقتاً موقع کی مناسبت سے اصلاحی مجالس طلبہ و اساتذہ کرام کے درمیان منعقد ہوتی رہتی ہیں ، یہ روحانی تربیت مدرسے کے ماحول کو ایک خاص نورانیت حاصل ہوتی ہے۔
۹) ماہانہ امتحانات اور نمایاں انعامات: تعلیم میں پختگی کے لیے سال میں ششماہی و سالانہ امتحانات کے علاوہ چار مزید امتحانات رکھے جاتے ہیں ، اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو عمدہ انعامات دیے جاتے ہیں۔ اس سے طلبہ میں محنت، مقابلہ اور خوداعتمادی کی فضا پیدا ہوتی ہے۔
۱۰)انگریزی و عربی تقریری مسابقہ: ایک سے زائد زبانوں میں مہارت پیدا کرنے کے لئے مدرسے میں سالانہ اردو ،عربی اور انگریزی مسابقے منعقد کیے جاتے ہیں، جن سے طلبہ میں خطابت، لسانی مہارت، اور اعتمادِ بیان میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
۱۱)عربی مطالعہ کا خاص اہتمام :عربی زبان کو سمجھنے اور اس پر عبور حاصل کرنے کے لیے قدیم و جدید اور معاصر عربی نصوص کا منظم مطالعہ کرایا جاتا ہے، جو آگے چل کر فقہ، حدیث اور تفسیر کے مطالعے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
